مسلم نوجوانوں کوقریب کرنے کی مہم جاری
نئی دہلی،23اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر عاطف رشید نے اقلیتوں کے درمیان کسی طرح کے خوف کی بات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے دوسرے حصوں کی طرح مسلم کمیونٹی کے درمیان بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور مرکز کی اسکیموں کا مسلمانوں کو بھی برابر کا فائدہ ہو رہا ہے۔بی جے پی کی دہلی یونٹ کے اقلیتی مورچہ آئندہ 25اگست کو پارٹی میں اقلیتی نوجوانوں کو فعال رکن کے طور پر شامل کرنے کے لئے اقلیتی نوجوان پروگرام کرنے جا رہا ہے جس میں بی جے پی کے کئی سینئر لیڈر شرکت کریں گے۔عاطف رشید نے آج ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں سے کہا کہ اس بات میں کوئی دم نہیں ہے کہ اقلیتوں کے درمیان خوف ہے،یہ سب پروپیگنڈہ ہے،ہمیں تو ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی،مسلم کمیونٹی میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،مسلم علاقوں میں ہم جاتے ہیں تو ہمیں وزیر اعظم اور ان کی قیادت والی حکومت کے تئیں مکمل جوش دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں مودی کی قیادت میں حکومت بننے کے بعد سے مفاد عامہ کی کئی اسکیمیں چلائی گئیں جن کا سب کو فائدہ ہوا ہے۔ان کا مسلمانوں اور دوسرے اقلیتی کمیونٹیز کو برابر کا فائدہ ہوا ہے۔اتنا ضرور ہے کہ ان منصوبوں کو لے کر اقلیتوں کے درمیان بیداری بڑھانے کی ضرورت ہے۔بی جے پی لیڈر نے دہلی کی کجریوال حکومت پر ترقی کے تمام محاذپر ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کجریوال جی بڑے بڑے وعدے کر کے آئے تھے،وہ اپنے کسی بھی وعدے پر کھرے نہیں اترے،ان کی حکومت نے طاق۔جفت جیسی ایک ناکام منصوبہ بندی کے علاوہ کوئی دوسرا منصوبہ شروع نہیں کیا۔دہلی کے وزیر اعلی صرف الزام کی سیاست کر رہے ہیں۔اقلیتی نوجوانوں کو پارٹی سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے رشید نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دہلی کے ہرمسلم اکثریتی علاقے میں ہمارے فعال رکن ہوں،پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق یہ کوشش شروع کی گئی ہے،ہم لوگوں کوشامل کرنے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں کافی کامیابی بھی ملی ہے،ہم نے اب تک 2000نوجوانوں کوجوڑاہے۔